چونیاں واقعے کے ملزمان بچ نہیںپائیں گے،عثمان بزدار

113

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرورنے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ آفس
میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور چونیاں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ اور گورنرنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔ مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں کرائے جا رہے ہیں۔ ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ مقدمے میں انسدادد ہشت گردی کی دفعہ شامل کر دی گئی ہے، کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا۔ انہوںنے کہا کہ اس کیس میں متاثرہ خاندانوں کوانصاف دلانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر قانون سازی کی جائے گی اوراپنے بچوں کو محفوظ مستقبل دینے کے لیے ہر طرح کے وسائل فراہم کریں گے اور ہر ممکن اقدام کیاجائے گا۔ گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہاکہ ہم چونیاں میں مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیںاور ہماری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

عثمان بزدار