حیدرآباد کو گرین بنانے کیلیے تاجر تعاون کریں،نواز سوہو

165
حیدرآباد: ڈی جی ایچ ڈی اے محمد نواز سوہو اور صدر حیدرآباد چیمبر محمد فاروق شیخانی تاجروںسے خطاب کررہے ہیں
حیدرآباد: ڈی جی ایچ ڈی اے محمد نواز سوہو اور صدر حیدرآباد چیمبر محمد فاروق شیخانی تاجروںسے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ادارئہ ترقیات حیدرآباد کے ڈائریکٹر جنرل محمد نواز سوہو نے کہا ہے کہ ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ماتحت محکمے مالی صورتحال اَبتر ہونے کی وجہ سے ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے بھی قاصر ہیں۔ حیدرآباد کے مسائل کے مقابلے میں وسائل کی کمی ہے اور شہر جس کی آبادی جو ایچ ڈی اے معرض وجود میں آنے پر صرف 5 لاکھ کے لگ بھگ تھی جبکہ اَب آبادی 20 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ حکومت سندھ ایمرجنسی میں فنڈز مہیا کرتی ہے، 1990ء سے حکومت کی جانب سے سبسڈی بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ پاکستان کے دوسرے شہروں میں سبسڈی متواتر دی جارہی
ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کا تعلق حیدرآباد سے ہے وہ چاہیں گے کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کا کام کریں۔ حیدرآباد کا ماسٹر پلان تیار کیا جارہا ہے تاکہ منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی کام کرائے جاسکیں۔ اس سلسلے میں حیدرآباد کے صنعتکاروں اور تاجروں کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ پارک، گرین بیلٹ کو بحال کرنے اور دوسرے رفاہِ عامہ کے کاموں میں اگر تاجر برادری تعاون کرتی ہے تو وہ یہ منصوبے ان کے حوالے کرنے کو تیار ہیں تاکہ تاجر برادری کا بھی شہر کی بھلائی میں کردار نظر آئے۔ اُنہوں نے کہا کہ واسا اِس وقت حکومتی اور عوام سے موصولہ آمدنی خرچ کررہا ہے اور پانی کو صاف کرنے کے لیے جن اشیاء کی ضرورت ہوتی ہے وہ بھی خریدنے کی سکت نہیں رکھتا۔ دوسری طرف ایچ ڈی اے کے پاس اسٹاف کی انتہائی کمی ہے اور نئی تقرریاں نہیں ہورہیں۔ سنیٹیشن اسٹاف بھی بہت کم ہے اور بڑی مشکل سے کسی ایمرجنسی میں کام سر انجام دیا جاتا ہے، پانی چوری ہورہا ہے ۔وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ سے چیمبر کے کانفرنس ہال میں صدر چیمبر کی جانب سے پیش کردہ سپاسنامہ کا جواب دے رہے تھے۔ اِس سے قبل صدر محمد فاروق شیخانی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ حیدرآباد میں صحت و صفائی اور نکاسی نظام کی اصل ناکامی حیسکو کی وجہ سے جو شٹ ڈائون ، لوڈشیڈنگ کے نام پر روزانہ کی بنیاد پر بجلی بند کرنے اور خاص طور پر ایمرجنسی کے موقع پر کئی کئی روز بجلی کا منقطع ہو جانا ہے جس سے پانی کی فراہمی ونکاسی کا نظام خراب ہوجاتا ہے اور سڑکوں، گلیوں اور گھر تالاب کا منظر پیش کرتے ہیں اور لوگوں کی زندگی اجیرن ہوجاتی ہے اور شہر کی عمارات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے ۔ لہٰذا ایچ ڈی اے کے ساتھ ساتھ حیسکو اور دیگر بلدیاتی اداروں کو بھی راہِ راست پر لانے کی ضرورت ہے اِس کے لیے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کو اپنا کردار نبھانا ہوگا ۔
ادارہ ترقیات حیدرآباد