کم عمر بچیوں کو فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، مسمات عابدہ

98

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لطیف آباد نمبر 9 حیدرآباد کی رہائشی مسمات عابدہ زوجہ مظفر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ چھوٹی عمر کی بچیوں کو ورغلا کر بیرون ملک فروخت کرنے والے میری جیٹھانی منظور فاطمہ اور دیگر کو گرفتار کرکے ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ مسمات عابدہ نے کہاکہ ڈیڑھ ماہ قبل میں نے اپنی 19 سالہ بیٹی فضا کی شادی جیٹھانی کے بیٹے کاشف سے کی جو کہ 46 سال کا ہے۔ شادی کے تین روز کے بعد جب میری بیٹی گھر آئی تو بتایا کہ کاشف مجھے زبردستی شراب پینے پر مجبور کرتا ہے، انکار کرنے پر تشدد کرتا ہے اور میں اب واپس نہیں جاؤں گی، شوہر سے طلاق لینا چاہتی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لندن میں رہائشی پذیر میری چھوٹی جیٹھانی نے فون کرکے بتایا کہ منظور فاطمہ دبئی میں چھوٹی عمر کی لڑکیاں شادی کے بہانے لے جاکر فروخت کرتی ہے۔ میں نے عدالت میں خلع کی درخواست کردی ہے، اس پر طیش میں آکر کاشف اور اس کی ماں نے حالی روڈ تھانے پر جھگڑے کی جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی ہے اور پولیس کو بھاری رشوت دے کر مقدمہ درج کرایا ہے، جس میں ہم نے ضمانت کرالی ہے۔ عابدہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ چھوٹی عمر کی لڑکیوں کو بیرون ملک فروخت کرنے کے کاروبار میں ملوث منظور فاطمہ اور اس کے بیٹے کیخلاف فوری کارروائی عمل لاکر معصوم بچوں کو بچایا جائے۔