سلامتی کونسل کا رکن بننے کا بھارتی خواب پورا نہیں ہوگا‘ فردوس عاشق اعوان

224

 

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کا رکن بننے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا‘ مقبوضہ وادی میں کرفیو ختم ہونے تک بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے‘ عمران خان کی سعودی قیادت سے ملاقات کا محور مسئلہ کشمیر رہا‘ صدر ٹرمپ کو موثر ثالثی کا کردار ادا کرنے پر قائل کریںگے‘ وزیراعظم نے حرمین شریفین کے دفاع کی یقین دہانی کرائی ہے، میڈیا پر قدغن لگانے کا تاثر غلط ہے۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہمارے ایمان کا حصہ ہے‘ اس اہم دورے کے دوران وزیر اعظم نے سعودی آئل تنصیبات پر حملے کی نہ صرف مذمت کی بلکہ حرمین شریفین کی حرمت اور تقدس کے دفاع کے راستے میں آنے والے کسی بھی ایسے چیلنج میں پاکستان کی طرف سے بھر پور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یو این اسمبلی کا دورہ خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ اس پر دنیا کی نظریں اس حوالے سے مرکوز ہیںکیونکہ اقوام متحدہ کو مظلوم کی داد رسی اور ظالم کے احتساب کے لیے بنایا گیا ہے ‘ وہ اپنی ہی پاس کر دہ قراردادوں پر کس طرح عمل درآمد کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرتی ہے۔ وزیر اعظم اس موقع پر بین الاقوامی لیڈر شپ سے ملاقات کریں گے‘ صدر ٹرمپ نے ثالثی کا کردارادا کرنے کی پیشکش کی تھی انہیںموثر کردار ادا کرنے کے لیے قائل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا واضح موقف ہے کہ جب تک بھارت کشمیر سے کرفیو ختم نہیں کرتا اس وقت تک مودی سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی تذلیل کرنے والا کبھی بھی سیکورٹی کونسل کا مستقل ممبر بننے کا اہل نہیں ہو سکتا‘ بھارت کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا‘بھارت نے بین الاقوامی قوانین کو پائوں تلے روندا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ امریکا کے صدر کا جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مودی کے ساتھ کھڑا ہونا انسانیت کی تذلیل سمجھی جائے گی‘ مودی کو گجرات کا قصاب کہا جاتا ہے ‘ وزیر اعظم عمران خان یو این اسمبلی میں دنیا کے ضمیر کو جنجھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر قدغن لگانے کا تاثر بالکل غلط ہے‘ اپوزیشن کو کوئی چورن بیچنے کے لیے دستیاب نہیں تھا اس لیے وہ میڈیا کے کندھے پر اپنے مفاد کی بندوق چلا رہاہے جس میں اسے مایوسی ہو گی۔

فردوس عاشق اعوان