مہنگائی کے سونامی نے عوام کا برا حال کردیا ہے، جسٹس (ر)وجیہ الدین

359

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہ الدین نے ملک میں اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کا برا حال کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اب تو پاکستان پوسٹ کا ایک معمولی لفافہ بھی 50روپے میں دستیاب ہوگا۔ ہر طرف مہنگائی کا سونامی ہے۔ چائے کی پتی، چینی، چاول، آٹا، دودھ سمیت تقریباً تمام اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوش رْبا اضافہ ہوگیا ہے۔ اب تو گمان یہ بھی ہے کہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر مظالم اور پاکستان کا یکطرفہ احتسابی عمل معاشی مسائل سے توجہ ہٹانے کی ناکام کاوشیں ہیں۔ جسٹس وجیہ نے کہا کہ جنرل اسٹورز اور مارکیٹوں میں مختلف اشیا کی قیمتوں کے اسٹیکرز لازمی لگائے جانے کی پابندی ہونی چاہیے، کیونکہ ایک ہی چیز کی مختلف دکانوں یا اسٹورز پر الگ الگ قیمت وصول کی جاتی ہے۔