انتونیو گوٹیرس نے عالمی رہنماؤں کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے، ملیحہ لودھی

207

 

اسلام آباد / نیویارک (خبر ایجنسیاں) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے عالمی رہنماؤں کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے‘ وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیری عوام کی آواز بلند اور ان کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز امریکا پہنچ گئے‘ پاکستانی سفیر اسد مجید اور مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ ملیحہ لودھی نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میںکہا کہ وزیراعظم عمران خان27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب
کے دوران کشمیر کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات سے متعلق پاکستان کا موقف واضح کریں گے‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وزیر اعظم عمران کی ملاقات 23 ستمبر کو ہوگی‘ عمران خان ترک صدر طیب رجب اردوان اور دیگرممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے‘ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور زلفی بخاری بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا تھا کہ وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف عالمی رہنمائوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو زیربحث لائیں گے اور یقین ہے کہ وہ اس موقع کو بروئے کار لاتے ہوئے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔ ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کے دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس موقع پر نفرت انگیز بیانیے کے خلاف پاک ترک کانفرنس کی میزبانی جبکہ ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں پاک ملائیشیا کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے2 روزہ کامیاب دورے کے بعد امریکا کے7 روزہ دورے پر نیویارک پہنچ گئے جہاں امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی اور سفارتخانے کے اعلیٰ افسران نے ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عالمی میڈیا اور ادارتی بورڈ کے ارکان سے بھی ملیں گے‘ امریکا میں تھینک ٹینک سے خطاب اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔