قائداعظم ٹرافی دوسرا مرحلہ، کوئٹہ 11 سال سال بعد فرسٹ کلاس میچ کی میزبانی کریگا

561
ڈیرہ بگٹی: سدرن پنجاب کی ٹیم بگٹی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرتے ہوئے
ڈیرہ بگٹی: سدرن پنجاب کی ٹیم بگٹی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرتے ہوئے

 

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کے آغاز سے11 سال بعدکوئٹہ میں فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی ہوگی۔میزبان ٹیم سدرن پنجاب کے خلاف آج سے شروع ہونے والے 4 روزہ میچ کھیلے گی۔ میچ کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا۔قائداعظم ٹرافی 20-2019 کے 4 میچز کوئٹہ میں شیڈول ہیں۔سدرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ رواں سیزن کا پہلا مقابلہ ہوگا۔خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔ایونٹ کی ٹرافی بھی جمعرات کے روز کوئٹہ پہنچ چکی ہے۔پہلے راؤنڈ کے اختتام پر سدرن پنجاب کرکٹ ٹیم کے 11 اور بلوچستان کے 7 پوائنٹس ہیں۔352 گیندوں پر 152 رنز بنانیوالے امام الحق اور کپتان حارث سہیل کی عدم موجودگی میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کی قیادت عمران فرحت کریں گے۔گذشتہ سیزن میں حبیب بنک لمیٹیڈ کی قیادت کرنے والے عمران فرحت نے گذشتہ سال 11 میچز میں 744 رنز بنائے تھے۔سدرن پنجاب پرامید ہے کہ اوپنر سمیع اسلم کوئٹہ میں بھی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔انہوں نے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے راؤنڈ کے میچ میں سینٹرل پنجاب کے خلاف پہلی اننگز 243 جبکہ دوسرے اننگز میں 50 رنز بنائے تھے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر کو دونوں اننگز میں کوئی بولربھی پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر براجمان سندھ کرکٹ ٹیم ایونٹ میں مسلسل دوسرا میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گی۔سندھ دوسر ے راؤنڈ میں خیبرپختونخوا کی میزبانی کرے گا۔ سینٹرل پنجاب کی ٹیم اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ناردرن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گی۔ فیصل آباد میں شیڈول میچ لائیو اسٹریم ہوگا۔ سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں سندھ کی قیادت اسد شفیق جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کی جگہ صاحبزادہ فرحان پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان خیبرپختوانخوا کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔ محمد رضوان کی جگہ ریحان آفریدی وکٹ کیپنگ کریں گے۔ سندھ اور خیبرپختوانخواکے درمیان مقابلہ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔نیشنل ڈیوٹی پر مصروف بابر اعظم اور احمد شہزاد کی عدم موجودگی میں سینٹرل پنجاب کی قیادت اظہر علی کریں گے۔ سینٹرل پنجاب کے 11 پوائنٹس ہیں۔سینٹرل پنجاب اور ناردرن کرکٹ ٹیم کے درمیان مقابلہ فیصل آباد میں ہوگا۔سینٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروف حسن علی ، فہیم اشرف اور عمر اکمل کے متبادل کا انتخاب سیکنڈ الیون کے اسکواڈ ز سے کرے گی۔پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر براجمان ناردرن کرکٹ ٹیم کے 8 پوائنٹس ہیں۔ ناردرن کرکٹ ٹیم کی قیادت عمر امین کریں گے۔ ناردرن کرکٹ ٹیم بھی کپتان عماد وسیم، شاداب خان اور عثمان خان شنواری کے متبادل کے طور پر کھلاڑیوں کا انتخاب سیکنڈ الیون اسکواڈ سے کرے گی۔سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ:ناردرن کرکٹ ٹیم میرپور آزاد جموں و کشمیر کے میدان میں سینٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گی۔ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ کا آغاز 20 ستمبر سے ہوچکا ہے۔بلوچستان اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپورمیں کھیلا جائے گا۔ خیبر پختونخوا اور سندھ کے درمیان میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔