کراچی اسٹیڈیم میں سیریز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

107

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں شروع ہوگئیں، کیوریٹر ٹیم کی جانب سے وکٹیں تیار کی جارہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق تین وکٹیں میچز اور دو وکٹیں پریکٹس کے لیے تیار کی جارہی ہیں، جبکہ گرانڈ کی تیاریاں تقریبا مکمل ہوچکی ہیں۔سری لنکن ٹیم نے25ستمبر کو کراچی پہنچنا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا پہلا ون ڈے میچ 27 ستمبر کو کھیلیں گے، دوسرا مقابلہ 29 ستمبر اور آخری ون ڈے 2 اکتوبر کو ہوگا۔شہر قائد میں دونوں ٹیمیں دس سال بعد ایکشن میں دکھائی دے گی، جبکہ سیکورٹی کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی، ٹیم شیڈول کے مطابق 24 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔سری لنکن حکومت کی جانب سے کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے گرین سگنل مل گیا جس کے بعد سری لنکن ٹیم 24 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی، سری لنکن بورڈ نے تصدیق کردی۔سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے، میں خود اور دیگر بورڈ عہدیدار بھی ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔دوسری طرف لاہور میں پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کی تیاریاں حتمی مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک بار پھر انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ہوگا لیکن اس بار سری لنکن ٹیم ایک نہیں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔میچز سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تیاری حتمی مراحل میں پہنچ گئی ہیں۔اسٹیڈیم میں انکلوژرز کی صفائی ستھرائی اور ضروری رنگ و روغن کا کام جاری ہے۔دوسری طرف گراونڈ اسٹاف نے میچز اور پریکٹس کے لئے پچز کی تیاری شروع کر دی ہے۔