میئر کراچی کے مشیر نے ایک اور خزانے کی تجوری کھول دی،اثاثوں کی مالیت 10 ارب سے بڑھ گئی

351

کراچی/جیکب آباد ( اسٹاف رپورٹر+آن لائن)میئر کراچی وسیم اختر کے مشیرا ور کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی نے نیب حکام کی موجودگی میں اپنے گھر میں ایک اور تجوری کھول دی جس سے سونے کے سیٹ، پرائز بانڈز، پاکستانی و غیر ملکی کرنسی نکالی گئی۔ جمعہ کو بر آمد ہونے والی صرف سونے کی اشیا کی مالیت 15کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔تجوری سے نکالا گیا تمام سامان لیاقت قائم خانی نے خود نیب کے حوالے کیا۔نیب حکام کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے مشیر کے گھر سے اب تک برآمد اثاثوں کی مالیت 10ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔لیاقت قائم خانی پر الزام ہے کہ انہوں نے20 سال میں کراچی کے 71 پارک صرف کاغذات میں بنائے، پارکس میں جعلی کام کرانے کے لیے جعلی کمپنیاں بنائیں۔نیب کی جانب سے لیاقت قائم خانی کے خلاف مزید 3ریفرنسز بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ملزم کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے، کرپشن اور جعلی دستاویزات کے ریفرنس بھی فائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نیب کا دعویٰ ہے کہ وسیم اختر کے مشیر نے ایک ارب روپے ہڑپ کرلیے ہیں۔واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی میں گھر پرایک روز قبل بھی چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ساز و سامان کی دستاویزات برآمد کی تھیں۔8 لگژری گاڑیوں میں مرسیڈیز اور لینڈ کروزر بھی شامل ہیں جبکہ جدید اسلحے کی بڑی تعداد بھی پکڑی گئی ہے۔اس کے علاوہ سونا، قیمتی زیورات اور کراچی اور لاہور کے بنگلوز کی دستاویزات بھی سامنے آئی ہیں۔ان کے گھر سے 4 بائی 6 فٹ کے 2 بڑے لاکر ز بھی پکڑے گئے۔سابق ڈی جی پارکس کے ذاتی سامان میں سے سونے کے بٹن اور کف لنکس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ملزم لیاقت قائم خانی کو گزشتہ روز باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ان پر بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دینے اور کلفٹن کے ایک پارک کا بڑا پلاٹ غیر قانونی الاٹ کرنے کا الزام ہے۔نیب کے مطابق سابق ڈی جی پارکس کا گھر انتہائی پْرتعیش اور عالی شان ہے جو اْن کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا۔اس گھر کے دروازے ریموٹ کنٹرول سے کھلتے ہیں اور گھر کے اندر باتھ روم 2 مرلے پرمحیط ہے۔لیاقت علی قائم خانی میئر کراچی کے مشیر اور ایک بڑی سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین کی حیثیت سے کام کرتے ر ہے۔نیب کی ٹیم نے ملزم کو اسلام آباد منتقل کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ حاصل کرلیا۔دوسری جانب نیب سکھر کی ٹیم نے جیکب آباد میں چھاپہ مارکر بلدیہ جیکب آباد کے چیئرمین عباس جکھرانی کو گرفتار کرلیا۔ چھاپہ عباس جکھرانی کے اولڈ کالج روڈ پر واقع بنگلے پرمارا گیا۔ذرائع کے مطابق جعلی اکائونٹ کیس میں عباس جکھرانی کا نام بھی شامل ہے ، فریال تالپور کو جعلی اکائونٹ کے ذریعے تحفے میں دی گئی بلٹ پروٖف گاڑی عباس جکھرانی کے نام پر تھی۔ عباس جکھرانی کی گرفتاری کا سن کرعزیزواقارب اور پی پی کے رہنماان کے بنگلے پر پہنچ گئے۔