عمران خان کی سعودی قیادت سے ملاقاتیں ،تنازع کشمیر سمیت اہم مور پر تبادلہ خیال

327
مکۃ المکرمہ: وزیراعظم عمران خان عمرے کے موقع حجر اسودکو بوسہ دے رہے ہیں
مکۃ المکرمہ: وزیراعظم عمران خان عمرے کے موقع حجر اسودکو بوسہ دے رہے ہیں

ریاض(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیوں کے جلد خاتمے، کشمیریوں کی آزادی اور حقوق کے احترام کو یقینی بنانے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد وں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے دورہ کے دوران سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان اورخادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور مقبوضہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حالیہ حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اورعلاقائی سالمیت کے ضمن میں پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم اور ان کے وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ بھی کھولا گیا۔ خانہ کعبہ کے کلید بردار اور حرم انتظامیہ کے اراکین نے وفد کی آمد پر آب زم زم، کھجور اور قہوہ پیش کیا۔بعد ازاں وزیراعظم نے مسجد نبوی میں حاضری دی، ان کے لیے حجرہ روضہ رسول ؐ خصوصی طورپر کھولا گیا۔طے شدہ پروگرام کے تحت وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد میں شامل افراد مدینہ منورہ سے امریکا کے لیے روانہ ہوگئے جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے کے علاوہ عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔