گورنر اسٹیٹ بینک سے عالمی مالیاتی فنڈکے وفد کی ملاقات

151

کراچی (نمائندہ جسارت) گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ وفد میں آزور کے ہمراہ پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ارنسٹو رمیریز ریگو بھی موجود تھے۔وفد نے اسٹیٹ بینک کی سینئر انتظامیہ سے بھی ملاقات کی اور گورنر اسٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف کے وفد کو معیشت پر اسٹیٹ بینک کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک باقررضا نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر بنایا ہوا اقتصادی اصلاحات کا پروگرام شروع کر دیا ہے اور توقع ہے کہ اصلاحات کے اس پروگرام میں تعاون کے حصول کے لیے بین الاقوامی فنانشل کمیونٹی میں آئی ایم ایف اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی پروگرام کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ گزشتہ چند برسوں سے پیدا ہونے والے اقتصادی عدم توازن کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا تاہم رواں مالی سال کی دوسری ششماہی میں مہنگائی کا دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 14کروڑ70لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی ذخائر15ارب89کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک