کروڑ گیلن گندا پانی سمندر تک آنے سے روکنا ہوگا،ایڈمرل (ر)جمیل اختر کر

544

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ریئر ایڈمرل ریٹائرڈ جمیل اختر نے کہا ہے کہ کروڑ گیلن گندا پانی سمندر تک آنے سے روکنا ہوگاانھوں نے کہاکہ شپنگ انڈسٹری کا مستقبل اب ایل این جی کے ساتھ وابستہ ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شپنگ انڈسٹری کو سہولیات فراہم کریں۔گزشتہ روز کراچی کے مقامی ہوٹل میںنویں سالانہ شپنگ،لاجسٹک و سپلائی چین سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کے پی ٹی کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ قومی پورٹ ہے اور بزنس لاجسٹک سمیت تمام سہولیات یہاں موجود ہیں،یہاں سے صوبائی اوروفاقی حکومت کوریونیو ملتا ہے،صرف کے ایم سی اوربلدیات کی وجہ سے معاملات خراب ہورہے ہیں،60کروڑ گیلن گندا پانی سمندر میں پھینکا جارہا ہے اوراس معاملے پر فوری طور پر مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین کے پی ٹی کا مزید کہنا تھا کہ نقل و حمل کے ذرائع آسان ہونے چاہئیں،کراچی پورٹ کے اطراف ٹریفک جام رہتی ہے،ٹول پلازہ سے کراچی پورٹ ایک گاڑی 8 گھنٹے میں پہنچتی ہے،جب تک سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی نہیں ہونگی سامان کی آسانی سے ترسیل مشکل ہے ،شہر کی سڑکیں بہت زیادہ تنگ ہیں،کراچی پورٹ میں روزانہ دو ہزار کی تعداد میں مال بردار گاڑیاں داخل ہوتی ہیں،کراچی پورٹ میں لیاری،میٹروپول اور دیگر راستوں سے گاڑیاں آتی ہیں،ریلوے کے ذریعے کراچی پورٹ صرف ایک فیصد کارگو پہنچتا ہے ،اگر کار گو کی ترسیل کے لیے ریلوے استعمال نہیں ہوگی تو ترقی مشکل ہے،کراچی پورٹ 130 سال پرانا ہے،ہمیںایکسل لوڈ کے قوانین کو لاگو کرنا ہوگا،افغانستان اپنے ایکسل لوڈ کے قوانین کے خلاف مال بردار گاڑیوں کو اجازت نہیں دیتا،کراچی پورٹ سندھ میں سب سے زیادہ منافع دینے والا ادارہ ہے۔