نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں کا راج،صنعتکار لٹنے لگے

255

کراچی(کراچی اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں سرگرم ہوگئے ہیں اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اچانک تیزی آگئی ہے۔۔ ڈاکوئوں نے بینک سے واپس آنے والے صنعتکارکا پیچھا کیا اور اسلحے کے زور پرصنعتکار کو فیکٹری کے گیٹ پر روک کر 15 لاکھ روپے لوٹ لیے اور باآسانی فرار ہوگئے۔متاثرہ صنعتکار نے اپنی گاڑی میں ڈاکوئوں کا پیچھا کیا جس پر ڈاکوئوں نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو کر نالے میں جاگری ۔دوسری واردات میں ڈاکوئوں نے فیکٹری میں داخل ہو کر صنعتکار اور اسٹاف کو یرغمال بنایا اور نقدی ، موبائل ودیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔ نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی ) کے سرپرست ِ اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان،صدر سید طارق رشید نے ہنگامی طور پر بلائے گئے اجلاس میں نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکیا اور گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شا ہ سے صنعتکاربرادری کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔