حجاب عورت کی عزت وعظمت میں اضافہ کرتا ہے،محمد حسین محنتی

522

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سرکاری تعلیمی اداروں میں طالبات کے لیے عبایا پہننے کا فیصلہ واپس لینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاب عورت کی عزت وعظمت میں اضافہ کرتا ہے ،خاص طور پر طالبات اس میں اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہیں، اس لیے ریاست مدینہ کی طرز حکومت کے دعویدار موجودہ حکمران خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں اسکول ، کالجزاور جامعات کی طالبات کے لیے حجاب کو لازمی کرنے کا اعلان کرے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کا سرکاری تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے کا فیصلہ دانشمندانہ تھا مگر عجلت میں اس کی واپسی قابل افسوس ہے، پاکستان اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا، مگر قیام پاکستان سے لے کر آج تک حجاب کے معاملے پر لبرل ،سیکولر اور دین دشمن قوتیں اپنے مذموم مقاصد اور سازشوں میں مصروف ہیں جس کی کھلی مثال خیبر پختونخوا حکومت کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کرنا ہے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ایک طرف ریاست مدینہ کی حکومت کا نمونہ پیش کرنے کا اعلان تو دوسری جانب حکومتی سرپرستی میں سودی نظام ،قادیانیت اور بے حیائی کا فروغ حکومت میں موجود لبرل اور سیکولر لابی کا اصل ایجنڈا واضح کرتا ہے،تبدیلی کا دعویٰ محض دھوکے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے،اسلام اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم ہیں،اسلام کے بابرکت نظام اور مدینے کی ریاست کے نبوی قوانین کو نافذ کرنے کے سوا ملک کی معاشی ترقی اور عوام کے مسائل کا حل ناممکن ہے۔ایک طرف خاتون اول مکمل پردہ کرکے خواتین کے لیے اعلیٰ مثال پیش کررہی ہیں تو دوسری جانب حکومتی وزرا اور چند عاقبت نا اندیش مشیر نیوز چینلز پر خیبر پختونخوا حکومت کی طالبات کے لیے عبایا لازمی قرار دینے کے فیصلے کی مخالفت کرکے اپنے بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، پاکستان کے محب وطن عوام اسلام سے محبت کرتے ہیں وہ مہنگائی،بے روزگاری سمیت تمام مشکلات برداشت کرسکتے ہیں مگر وطن عزیز میں بے حیائی اور فحاشی کے فروغ کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے،عقیدہ ختم نبوتؐ اورقانون تحفظ ناموس رسالت سمیت ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتے رہیں گے، جماعت اسلامی دستور پاکستان اور اسلامی قوانین پر عملدرآمدکے لیے روز اول سے جدوجہد کررہی ہے، ان شاء اللہ بہت جلد اسلامی اور خوشحال پاکستان کا خواب حقیقت بنے گا۔