کرکٹ آسٹریلیا نے 2022 میں اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا اشارہ دے دیا

412

لاہور: کرکٹ آسٹریلیا نے 2022 میں دورہ پاکستان کے لیے ٹیم بھجوانے کا مثبت اشارہ دے دیا۔

آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کے سیکورٹی وفد کا دورہ کرنے والے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے سڈنی پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے سیکیورٹی حالات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں آسٹریلیا اپنی ٹیم بجھواسکتا ہے لیکن اس حوالے سے جلد بازی کرنے کی ضرورت نہیں۔

 دورے کا مقصد پاکستان میں سیکورٹی کے انتظامات کو جانچنا تھا تمام صورت حال کا مشاہدہ کیا ہے، اس دورے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات میں مزید  بہتری آئے گی۔

کیون رابرٹس نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تمام پہلووں کا جائزہ لیے بغیر اپنی ٹیم وہاں بجھوادیں، آہستہ آہستہ چیزوں پر نظر رکھ رہے ہیں، اس دورے کے حوالے سے ہمارے پاس ابھی کافی وقت ہے، کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، ٹور سے پہلے یقینی طورپر سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹس بھی مدنظر رکھی جائے گی۔

 فروری 2022 میں آسٹریلوی ٹیم نے 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے پاکستان کا مہمان بنناہے۔ کیون رابرٹس کے ایک روزہ دورہ اسلام آباد میں سکیورٹی ماہر شان کیرل بھی ان کے ساتھ تھے۔ایک طویل عرصے بعدآسٹریلوی عہدیداروں کا یہ پہلا دورہ پاکستان تھا۔