نمرتا کا قتل بڑا ظلم ہے، غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، اسد اللہ بھٹو

399

کھڈو(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ لاڑکانہ کالج کی طالبہ نمرتا کا قتل بہت بڑا ظلم ہے جس کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے،مسئلہ کشمیر اخباری بیانات اور ٹوئٹ سے حل نہیں ہوگا ، وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ وہ مختلف دوست ممالک کے دورے کریں اور کشمیری مسلمانوں پر ظلم کے خلاف آواز بلند کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ رفیق منصوری سے ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اسداللہ بھٹو نے کہا کہ مودی سرکار نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے حکومت پاکستان اقوام متحدہ سے مطالبہ کرے کہ وہ اپنی پالیسی کے مطابق قرادادوں کی خلاف ورزی اور کشمیری مسلمانوں پر ظلم کرنے پر بھارت پر پابندیاں عاید کرے ، بھارتی وزیر اعظم کشمیر پر قبضے کے بعد درجن بھر سے زائد ممالک کے دورے کرکے انہیں اعتماد میں لے چکا ہے ، وزیراعظم عمران خان کو بھی چاہیے کہ وہ مختلف دوست ممالک کے دورے کریں اور کشمیری مسلمانوں پر ظلم کے خلاف آواز بلند کریں ، کشمیری مسلمان بچے اور خواتین 45 دن سے بھارتی مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں ، بھارتی عدالت عظمیٰ کا کشمیری مسلمانوں کے حق میں دیا جانے والافیصلہ سراہے جانے کے قابل ہے، مغربی ممالک میں کشمیریوں کے حق میں ہونے والے مظاہروں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے ، اقوام متحدہ مودی کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پابندی عاید کرے ، حکومت پاکستان کی آج تک کی سفارتی کوششیں بری طرح ناکام رہی ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا لاڑکانہ ڈینٹل کالج کی طالبہ نمرتا کا قتل بہت بڑا ظلم ہے جس کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے ، وائس چانسلر کا صحافی کو تھپڑ مارنا قابل مذمت عمل ہے ،جماعت اسلامی صحافی دوستوں کے ساتھ ہے اور ہم مذکورہ صحافی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کھڈرو کے امیر عبد المجید ملک ، معروف سماجی رہنما ملک عبد الستار ، عبد اللہ سومرو اور میڈیا سینٹر کھڈرو کے صدر افتخار علی ہوندل بھی موجود تھے۔