مراد علی شاہ کو کچرے میں ڈالنے تک کچرا صاف نہیں ہوگا‘فواد چودھری

346
کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری سیمینار سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری سیمینار سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ کراچی میں کچرا اس لیے ہے کہ یہاں کچرا حکومت ہے‘ جہاں کچرا حکومت ہوگی وہاں کچرا ہی ہوگا‘ جب تک کچرے کو اٹھاکر ڈبے میں بند نہیں کرتے مسئلہ حل نہیں ہوگا، جب تک مراد علی شاہ اور کابینہ کے 2،4 ارکان کچرے کے ڈبے میں نہیں گریں گے‘ کچرا صاف نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کوفیصلہ کرنا ہے کہ وہ کچرے کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا اسے صاف کرنا چاہتے ہیں‘ سندھ میں برسر اقتدار لوگوں سے کچھ نہیں ہوسکتا‘ جب تک سندھ کے حکمرانوں سے جان نہیں چھڑالیتے معاملہ حل نہیں ہوگا‘ سندھ اسمبلی میں لوگ تیار ہیں،آپس میں مل کر ان سے جان چھڑالیں یا پھر وفاق کی مداخلت ہونی چاہیے‘ مقصد عام آدمی کی زندگی بہتر ہونی چاہیے ۔علاوہ ازیں کراچی میں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین نے فیوچر سمٹ کے تیسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان 2022ء میں پہلا خلائی مشن بھیجے گا‘ پاکستان میں ماضی میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی لیکن مستقبل میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ 88ء میں بے نظیرزرداری کے دور میں پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بنا جب فائبر آپٹک متعارف کرائی گئی، آلو، ٹماٹر، پیاز بیچ کر ملک کا خسارہ پورا نہیں ہوسکتا، صرف ٹیکنالوجی پاکستان کو آگے لے جاسکتی ہے، چین، سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا، کوریا اور پاکستان میں فرق صرف ٹیکنالوجی کا ہے‘ وزیراعظم عمران خان کو یاد دلاتا ہوں کہ ان ممالک کا سائنس کا وزیر ڈپٹی وزیر اعظم ہوتا ہے‘ اللہ کرے وزیراعظم کا یہاں بھی دھیان آجائے، ابھی تک تو نہیں آیا۔