حیدرآباد میں تجاوزات کی بھر مار، ٹریفک جام معمول بن گیا، حافظ طاہر مجید

148

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ شہر میں آئے روز ٹریفک جام نے شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ تجاوزات کی بھر مار، غلط پارکنگ اور غلط سمت سے گاڑیوں کی آمدورفت نے ٹریفک جام کومعمول بنالیا ہے۔گاڑیوں کے لیے جگہ ہے نہ پیدل چلنے والوں کو راستے ملتا ہے۔ایمبولینس،فائر بریگیڈ و دیگر ایمرجنسی سروسز بھی ٹریفک میں پھنس کر رہ جاتی ہیں۔یہ صورت حال دوپہر میں تعلیمی اداروں کی چھٹی کے وقت مزید ابتر ہوتی جاتی ہے۔پورے شہر میں ٹریفک جام ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ ٹریفک کا مسئلہ روز بڑھتی شہری آبادی،گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ،غیر قانونی تعمیرات،تجاوزات،غلط پارکنگ اور ٹریفک پولیس کی عدم تعیناتی ہے۔انھوں نے کہا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس مشکل پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ ایمبولینس کے سائرن شور مچاتے ہیں لیکن دور تک پھیلے ہوئے گاڑیوں کے بے ہنگم ٹریفک میں ایمبولینس کو گزرنے کا راستہ نہیں ملتا۔ دوسرے دن کے اخبارات عموماً
خبر دیتے ہیں کہ ٹریفک جام کی وجہ سے مریض نے ایمبولینس میں دم توڑ دیا۔ شہر کی اس صورتحال میں ٹریفک پولیس کا دور تک نشان نظر نہیں آتا۔چھوٹے بڑے تمام تجارتی مراکز کے اطراف سڑکیں پتھاروں، ٹھیلوں اور دیگر تجاوزات کی بھرمار ہے۔ ان تجاوزات کو کسی نہ کسی انداز میں انتظامیہ یا بھتہ مافیا کی سرپرستی حاصل ہے۔ ٹریفک کے ان مسائل کے حل کے لیے حکومتی سطح پر کوئی منصوبہ سازی نظر نہیں آتی۔ انھوں نے سندھ حکومت کمشنر حیدر آباد، ایس ایس پی حیدرآبادسے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی بنیاد پر ٹریفک کے مسائل حل کیے جائیں۔
حافظ طاہر مجید