’ ’انجمن غلامان آئی ایم ایف ‘‘ ملک کیلیے خطرہ بنتی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی

150

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے قراردیا ہے کہ ’ ’انجمن غلامان آئی ایم ایف ‘‘ ملک کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے،افراط زر میں اضافہ بیرونی نہیں اندرونی عوامل کے باعث ہے،حکمران اپنے اللے تللوں کا مزید بوجھ عوام الناس پر ڈالنے کے درپے ہیں۔آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے اپنے بیان میںکہا کہ پی پی پی آئی ایم ایف بجٹ مسترد کر چکی ہے، پیپلز پارٹی قومی و ملکی مفاد کے خلاف کسی بھی نئے حکمنانے کو تسلیم نہیں کریگی ۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف حکام پاکستانی آئی ایم ایف ملازمین کو مزید تعمیلی احکامات دینے آئے ہیں،ملک عملی طور پر آئی ایم ایف کا ذیلی دفتر بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف ایک سال کے اندر ہوشربا اربوں کے قرضے لیے گئے،اگر یہ قرضے عوام کی فلاح بہبود کیلیے لیے گئے ہیںتو پھرعوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات کیوں نظر نہیں آتے،ملکی خزانے کی کنجیاں آئی ایم ایف کے حوالے کرنے والے عوام الناس کی زندگیاں اجیرن بنا رہے ہیں،ملک کو بیرونی قرضوں میں جکڑنے والے عوام الناس کی زندگیاں مزید اجیرن بنانے کے درپے ہیں،اسٹیٹ بینک کی طرف سے مہنگائی کی رفتار بڑھنے کا اندیشہ حکومتی ناایلیت ہے۔
پیپلز پارٹی