حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتی ہے، اکبر حسین دورانی

198

اسلام آباد(جسارت نیوز) وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز اپنے آفس میں پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمان سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات کے دوران اعجاز الرحمان نے وفاقی سیکرٹری کو ٹپن پن بائولنگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹین پن بائولنگ فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت کئی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرتی ہے اور قومی ٹیم رواں سال اکتوبر میں کویت میں کھیلی جانے والی ایشین ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ اور نومبر میں انڈونیشیا میں کھیلی جانے والی عالمی ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی، اس کے علاوہ آزادی کپ ٹین پن بائولنگ ٹورنامنٹ 25 سے 29 ستمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس میں شرکت کیلئے اعجاز الرحمان نے وفاقی سیکرٹری اکبر حسین درانی کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی جس کو وفاقی سیکرٹری نے قبول کرلیا۔ اکبرحسین درانی نے پاکستان ٹپن پن بائولنگ کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمان کو یقین دلایا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتی ہے۔