وزیر بلدیات نے سوک سینٹر میں بائیو میٹرک سسٹم کا افتتاح کر دیا

232
کراچی:وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ پریس کانفرنس کررہے ہیں
کراچی:وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی سوک سینٹر میں بائیومیٹرک سسٹم کا اافتتاح کردیا، ان کا کہنا تھا کہ تمام غیر حاضر اور دیر سے آنے والے افسران و ملازمین کو وارننگ لیٹر جاری کیے جائیں اور ان کی تنخواہ کاٹی جائے، عہدوں پر وہی رہے گا جو کام کرے گا، افسران کام ٹھیک کریں گے تو ماتحت عملہ بھی خود ہی کام کرے گا، غیر حاضر ملازمین و افسران کے خلاف کارروائی کرکے ادارے کی بہتری اور شہریوں کے مفاد میں بہتر اقدامات اٹھائے جائیں گے، آئندہ ماہ افسران و ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کی جائے گی، کے ڈی اے کو مالی طور پر مستحکم کرنے کیلیے حکومت سندھ کا تعاون درکار ہے، امید ہے کہ وزیر بلدیات سندھ کے ڈی اے کو ترقی یافتہ اداروں کی صف میں کھڑا کرنے کیلیے مرکزی کردار ادا کریں گے۔ وزیر بلدیات نے افتتاح کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایک شاندار اور روشن ادارہ رہا ہے، کراچی کیلیے ادارے کی خدمات اور کام کا معیار ملکی سطح پر تسلیم شدہ ہے، عروس البلاد کراچی کی ترقی میں کے ڈی اے نے تاریخ ساز کردار ادا کیا اور ایک بار پھر کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ ادارہ ترقیات کراچی کو درپیش مسائل اور ملازمین کے بنیادی حقوق کی فراہمی کیلیے رواں ماہ میٹنگ بھی رکھی جائے گی جس میں کے ڈی اے کے مختلف امور سمیت دیگر مسائل کے خاتمے کے لیے مثبت تجاویز پر تفصیلی غور و خوص کیا جائے گا۔