لیاری کا مال کھانے والوں کیخلاف آج وائٹ پیپر جاری کرونگا، سید عبد الرشید

493
کراچی: جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید لیاری کے مسائل کے حوالے سے احتجاجی کیمپ میںرہنماؤں کے ساتھ شریک ہیں
کراچی: جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید لیاری کے مسائل کے حوالے سے احتجاجی کیمپ میںرہنماؤں کے ساتھ شریک ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ مسائل کے حل تک لیاری کو حقوق دو تحریک جاری رہے گی۔ عوام کاپیسہ کھانے والے 40 چوروں کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔ لیاری کامال کھانے والوں کے خلاف آج وائٹ پیپر جاری کروں گا۔ان خیالات کااظہار سید عبدالرشید نے لیاری کو حقوق دو عوامی احتجاجی کیمپ کے پانچویں روز عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے اپنی ہی پارٹی کی حکومت سندھ کے احکامات کو چیلنج کررہے ہیں۔احتجاجی کیمپ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بلدیاتی اداروں کی سنجیدہ کوششیں نظر نہ آجائیں۔ٹرالر بیچ کر وائس چیئرمین خرید نے اور چیئرمین ڈی ایم سی بننے والوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔اب لیاری کاعوامی مینڈیٹ عوام کے پاس ہے لیاری میں ایک عبدالرشید نہیں ہزاروں عبدالرشید اب تم سے حساب لیں گے۔انہوں نے کہا کہ گٹرکاپانی نکل گیا تب بھی لیاری کو حقوق دو تحریک جاری رہے گی کیونکہ عوام کاپیسہ کھانے والے 40 چوروں کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔سید عبدالرشید نے اعلان کیا کہ آج بدھ کے روز وائٹ پیپر جاری کریںگے۔جس جس نے جس جس جگہ جتنا مال کھایا ہے حساب دینا پڑے گا۔ان کاکہنا تھا کہ جعلی کنٹریکٹر کے ذریعے کروڑوں روپے کے فنڈز میں ہیر پھیر کی جارہی ہے ۔لیاری کے لیے تعلیم صحت ،پانی سیوریج اور سوشل ویلفیئر سمیت جس جس مد میں فنڈز جاری ہوئے ہیں ہر فنڈ کاحساب ہوگا۔ایم پی اے سید عبدالرشید نے احتجاجی کیمپ پر عوامی شکایات سننے اور متعلقہ حکام اور اداروں تک بھجوانے کے لیے ونڈو کھولنے کابھی اعلان کردیا ،عوام اسی کیمپ آفس پر آئیں اور متعلقہ محکمے سے متعلق شکایات درج کراسکتے ہیں۔