ملک میں احتساب صرف سیاسی مخالفین کا کیا جارہا ہے ، سعید غنی

175

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلا عا ت و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک میں صرف سیاسی مخالفین کا احتساب کیا جارہا ہے اور ان سے سیاسی انتقام لے کر اپنی ذاتی اناکوتسکین دی جارہی ہے،نیب وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے چند وزراء کے اشاروں پر چل رہی ہے، اطلاعات ہیں کہ مالم جبہ کیس میں تمام ملزمان کو کلین چٹ دی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں میڈیا کارنر پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھو ٹکی واقعے میں مندراوردکانوں کو نقصان پہنچایا گیا لیکن رینجرز اورپولیس نے حالات کو قابو میں کیا جب کہ میں اور ناصر شاہ بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر وہاں گئے، علماء نے واضع کیا کہ مندر پر حملہ کرنے والوں سے ان کاکوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی اجازت دی جس کے بعد ملزم گرفتار ہوئے ہیں لیکن اگران پر الزام غلط لگایا گیا ہے تو الزام لگانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔انہوں نے تعاون کرنے پردونوں فریقین کا شکریہ ادا کیا۔ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ میرپورخاص میںایمبولینس نہ دینے کے واقعے پرسندھ حکومت فوری حرکت میں آئی اور ایم ایس سمیت 4 ذمے داروں کو معطل کیا جبکہ اس کی مزید انکوائری جاری ہے، متاثرین کی فیملی کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جارہے ہیں۔ایک اور سوال پر سعید غنی نے بتایا کہ علی زیدی اپنے ذاتی دوستوں کونواز رہے ہیں جن افرادکوٹھیکے دیے گئے ہیں ان کے خلاف ایف آئی اے اوردیگر اداروں میں تحقیقات جاری ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ سندھ کی تقسیم یا کراچی کی علیحدگی پر ہمارا واضع موقف ہے کہ ہم کسی صورت تقسیم برداشت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی اورجی ڈی اے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہیں لیکن وہ ایم کیوایم کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں، فروغ نسیم نے اس طرح کی بات کر کے دراصل ایم کیوایم کی مدد کی ہے، ہم ایم کیوایم کی نیت سے اچھی طرح واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم نے الطاف حسین کو نیلسن منڈیلا سے تعبیرکیا ان کی رکمڈیشن ایم کیوایم سے نہیں کسی اورجگہ سے ہوئی ہے اس پر ایم کیوایم بھی اعتراض کرچکی ہے ایم کیوایم آج ہمارے ساتھ نہیں پر اس کی حرکتوں سے ہم واقف ہیں۔