ملک سے مہنگائی او ربیروزگاری کا خاتمہ ضروری ہے ،رضوان الحق

139

سکھر( نمائندہ جسارت)ملک فلاحی جماعت سکھر کے بانی ملک محمد رضوان الحق اورمرکزی جامع مسجد سکھر کے خطیب قاری جمیل احمد بندھانی نے کہا ہے کہ ملک سے مہنگائی ، بے روزگاری کے خاتمہ کیلیے ضروری ہے صنعت و تجارت کو فروغ دیا جائے حکومت کی پالیسی کی وجہ سے آج ملک میں صنعتیں تیزی کے ساتھ بند ہورہی ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ملک کی ترقی اور تجارت کے فروغ کیلیے حکومت تاجروں کو ریلیف فراہم کرے اور ملک میں ایسی معاشی پالیسی کا اعلان کیا جائے جس میں صنعت و تجارت ترقی کرے حکومت کی ٹیکس پالیسی سے تاجر برادری سخت مشکلات سے دوچار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھنٹہ گھر چوک پر شاپ کے افتتاح کے موقع پر کیا اس موقع پر تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی انہوں نے مزید کہا کہ رزق حلا ل کا حصول عین عبادت ہے جو لوگ ایمانداری اور جائز منافع کے اصول پر کاروبار کرتے ہیں اللہ تعالی ٰ ان کے کاروبار میں برکت عطا فرماتا ہے انہوں نے کہا کہ ملک سے مہنگائی ، بے روزگاری کے خاتمہ کیلیے ضروری ہے حکومت تاجر برادری میں پائی جانیوالی بے چینی کا نوٹس لے اور تاجروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں سکھر سمیت ملک بھر کے تاجروں پر ایف ، بی ، آر کی تلوار لٹک رہی ہے ٹیکس کی بھر مار نے تاجروں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے سکھر کی تاجر برادری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں تجارتی مراکز میں گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جس کی وجہ سے کاروبار متاثر ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ تجارتی مراکز میں صفائی و ستھرائی کے کاموں پر توجہ دے تاکہ تاجربرادری کی مشکلات میں کمی آسکے ۔