ایوب گیٹ کی دکانوں کی نیلامی کا فیصلہ واپس لیا جائے، جاوید میمن

161

سکھر (نمائندہ جسارت) ریلوے ڈی ایس سکھر کی جانب سے خلاف ضابطہ ایوب گیٹ کی دکانوں کی نیلامی کیخلاف انجمن تاجران ایوب گیٹ کی جانب سے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں انجمن تاجران ایوب گیٹ کے صدر فخر الدین عباسی، غلام مصطفی پھلپوٹو، شاہ محمد انڈھڑ، اشفاق بھٹی، محمد فیصل، ظہیر حسین بھٹی، طالب حسین، پپو و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ایوب گیٹ کی دکانوں کی غیر قانونی نیلامی نامنظور، نامنظور، برسوں سے آباد دکانداروں کو حقوق دو، غریبوں کا معاشی قتل عام بند کرو، غریبوں کو بے روزگار ہونے سے بچائو کے نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن، فخر الدین عباسی و دیگر کا کہنا تھا کہ ایوب گیٹ پر برسوں سے دکاندار کاروبار کررہے ہیں، کچھ دکانداروں کو ریلوے کی جانب سے 2022ء تک لیز بھی دی گئی ہے، جس کا باقاعدگی سے دکانداروں کی جانب سے کرایہ بھی ادا کیا جاتا ہے اس کے باوجود محکمہ ریلوے کے افسران بلاجواز غیر قانونی طریقے سے ایوب گیٹ کی دکانوں کی نیلامی کے احکامات جاری کر کے برسوں سے آباد دکانداروں کے حقوق غضب کررہے ہیں۔ جس سے دکاندار مالی مشکلات سے دوچار ہوجائیں گے۔ انہوں نے حکومت اور وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا کہ ایوب گیٹ کی دکانوں کی نیلامی کو فوری طور پر موخر کر کے برسوں سے آباد دکانداروں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے اقدامات اٹھائیں جو دکاندار پہلے سے آباد ہیں انہیں دکانیں لیز پر دی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔