ذہنی مریض نے خودکشی کرلی، دیگر واقعات میں 4افرادجاںبحق

140

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ذہنی مریض نے گولی مار کر خودکشی کرلی ،ٹریفک حادثے اوردیگرواقعات میں 4افراد جاںبحق۔تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے لکی اسٹار کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور سڑک پر پڑی لاش کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کردیا ،ایس ایچ او اشرف آفریدی نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 50سالہ اسلم ولد طالب کے نام سے کی گئی جو کہ ڈیفنس کا رہائشی تھا ، جائے وقوع سے پولیس کو پستول، گولی کاخول اور کچھ ایسے کاغذات ملے جس سے شبہ ہوا کہ متوفی سرکاری ملازم تھا تاہم متوفی کے اہل خانہ سے رابطہ ہونے کے بعدمعلوم ہوا کہ وہ سرکاری ملازم نہیں تھا،متوفی کے بیٹے کاکہناہے کہ اس کے والد چند سال سے ڈپریشن کے مریض تھے،جس کی وجہ سے یہی شبہ ہے کہ والد نے خودکشی کی ہے ۔ادھر کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے گلزار کالونی میں واقع ملیر ندی سے30سالہ شخص کی ڈوبی ہو ئی لاش ملی،پولیس نے لاش جناح اسپتال منتقل کردی۔جیکسن کے علاقے کیماڑی میں واقع ریلوے لائن پر کھڑے آئل ٹینکر کے اندر سے ایک شخص کی تعفن زدہ لاش ملی، پولیس نے لاش کوجناح اسپتال منتقل کیا ،پولیس نے بتایا کہ متوفی کی عمر 35سال کے قریب معلوم ہو تی ہے اور شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے جبکہ لاش بھی کم از کم 10روز پرانی ہو نے کی وجہ سے انتہائی خراب اور ناقابل شناخت ہو چکی ہے۔پیر آباد کے علاقے منگھو پیر میں واقع مغل کانٹا کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آکر ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جس کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا، متوفی کی شناخت 17سالہ طیب ولد ناز محمد کے نام سے کی گئی۔ بلوچستان کے علاقے میں واقع سمندر میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف الحماد نامی لانچ پر سوار ماہی گیر اتفاقی طور پر سمندر میں گر کر ڈوب گیا ،ایدھی ٹیم نے سمندرسے لاش نکال کر سول اسپتال منتقل کی۔