آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے حوالے سے کوئی باب نہیں‘مصطفی کمال

36

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کے حقوق کا ضامن ہے اور اسی کے ذریعے عوامی مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے حوالے سے کوئی باب موجود نہیں اور اب ملک کو آگے صحیح سمت میں لے کر جانے کے لیے اس وضاحت کی ضرورت ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کا دائرہ کار کیا ہوگا اور انکے اختیارات کیا ہونگے جیسے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے حوالے سے مکمل رہنمائی آئین پاکستان میں موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں سندھ بار کونسل کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کے شرکامیںایڈووکیٹ عبدالوہاب انصاری، ایڈوکیٹ عرفان احمد صادقی اورایڈووکیٹ وحید اعظم خان تنولی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی تعمیر کے فیصلے لاڑکانہ یا اسلام آباد سے نہیں ہونے چاہییں جیسے اسلام آباد، لاڑکانہ یا کوئٹہ کی سڑکوں اور سیوریج لائنوں کے فیصلے کراچی سے نہیں ہو سکتے۔ پاکستان کو درپیش 80 فیصد مسائل کا حل مضبوط بلدیاتی حکومتوں کا قیام ہے۔