طالبہ کی ہلاکت افسوسناک ہے،قیاس آرائی درست نہیں،وزیر صحت

89

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے سندھ اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر کہا کہ ایوان میں لاڑکانہ کی میڈیکل کالج کی طالبہ کی وفات کے حوالے سے بات کی گئی، طالبہ کی فوتگی کے حوالے سے ضرور کسی نتیجے پرپہنچا جائے گا، ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل ہے، اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ طالبہ کی تصاویر جو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئیں یہ اخلاقی طور پر غلط ہے، اس کی مذمت کرتی ہوں ،انہوں نے درخواست کی کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے قبل قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ بدین کے اسپتال میں 3بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر انہوں نے کہا تینوں بچے مذکورہ اسپتال میں پیدا ہوئے ،بدین کا سول اسپتال اچھا ہے میڈیا میں غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، اسپتال میں انکیوبیٹرز موجود ہیں جن میں پہلے سے بچے موجود تھے، جس کی وجہ سے بچوں کو حیدرآباد ریفر کیا گیا تھا اس واقعہ میں والدین کی بھی غفلت ہے۔ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے میرپورخاص واقعہ پر کہا کہ اس کی تحقیقات جاری ہیں ،ہم ایمبولینسوں کی موجودگی اور پیسے طلب کیے جانے کی مکمل تحقیقات کررہے ہیں۔