ابراہیم حیدری میںبیوہ خاتون کے پلاٹ کو جعلی سی ٹی ڈی افسرنے بیچ دیا

167

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ابراہیم حیدری تھانہ کی حدود جمعہ گوٹھ میں حمیدہ نامی بیوہ خاتون کے پلاٹ پر جعلی پولیس عملدار نے قبضہ کرکے فروخت کردیا، ساری زندگی محنت مزدوری کر کے بچوں کیلیے پلاٹ خریداتھا، جس پر لینڈ مافیا نے قبضہ کر کے فروخت کردیا ہے‘اعلیٰ پولیس افسران متعلقہ جعلی پولیس عملدار کیخلاف کارروائی کرکے مجھے میرے پلاٹ واپس دلانے میںمدد کریں‘مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود جمعہ گوٹھ ، بلاک E میں بیوہ عورت حمیدہ بیگم زوجہ مرحوم محمد اقبال کے پلاٹ نمبر 123-130 پر جعلی پولیس عملدار غلام مصطفی شر جو خود کو سی ٹی ڈی کا سب انسپکٹر ظاہر کرتاہے ‘نے قبضہ کرکے غیر مقامی شخص کو فروخت کردیا ہے۔ اس سلسلے میںزیر قبضہ پلاٹ کے سامنے پلاٹ کی اصل مالک حمیدہ بیگم نے اپنے بچوں کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے کوسٹل میڈیا سینٹر ابراہیم حیدری کے صحافیوں کو بتایا کہ مذکورہ پلاٹ انہوں نے 4 سال قبل خالد چودھری بلڈرز سے خرید کیا تھا،غربت کی وجہ سے وہ اپنے پلاٹ پر تعمیر کا عمل نہیں کرسکیں، لیکن انہوں نے اپنے پلاٹ کو چاردیواری لگا دی تھی، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز غلام مصطفی شر نامی شخص نے ہمیں دھمکیاں دیتے ہوئے پلاٹ پر قبضہ کر کے غیر مقامی شخص کو فروخت کردیا ہے، جب انہوں نے قبضہ گیر کیخلاف احتجاج کیا تو انہوں نے ہمیں CTD انچارج راجا عمر خطاب کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کا خاص آدمی ہوںاور تم لوگوں کو ہمیشہ کیلیے یہاں سے گم کروادوں گا۔ اس موقع پر انہوں نے ایس ایس پی ملیر، CTD انچارج راجہ عمر خطاب اور ایس ایچ او ابراہیم حیدری سے اپیل کی کہ خدارا ان کے ساتھ انصاف کر کے ان کے بچوں کی قبضہ کی گئی چھت واپس کرائی جائے۔