سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، لیاقت بلوچ

175

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملہ عالم اسلام کے خلاف نئی خوفناک سازش ہے ، ہم سعودی عرب پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں ۔ یکجہتی کشمیر کے لیے مشائخ اور علما کا متحرک ہونا خوش آئند ہے ،اس سے ملک بھر میں لاکھوں کروڑوں مریدین متحرک ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشائخ و علما کونسل کی آل پارٹیز یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے ہیں ۔ 44 دن سے لاک ڈائون کرفیو نے 80 لاکھ کشمیریوں کو تمام انسانی بنیادی حقوق سے محروم کر دیاہے ۔ کشمیریوں کے حوصلے اور عزم ہمالیہ سے بلند ہے ۔ کشمیریوں کی بیداری اور جذبہ شہادت ہی ا ن کی طاقت ہے ۔ آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا ۔ آزادی کی تحریکیں آزادی حاصل کر کے ہی رہتی ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کشمیریوں نے افغانوں سے جہاد ، جرأت اور غیرت و حمیت کا سبق سیکھا ہے ۔ نریندر مودی نے خطے پر شر مسلط کیاہے ، ان شا ء اللہ اس شر سے خیر ہی برآمد ہوگا ۔ کشمیر کی تقسیم ، خود مختار کشمیر ، شملہ معاہدہ اور اعلان لاہور نہیں مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے فیصلہ کے لیے حق خود ارادیت دیناہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریریں ، دعوے و اعلانات قومی وحدت و یکجہتی اور اتفاق رائے کے بغیر بے کار اور بے نتیجہ رہیں گے ۔حکومت حالات کی سنگینی کا ادراک کرے ، ضد ، ہٹ دھرمی چھوڑے اور یکجہتی کشمیر کے لیے قومی اتفاق رائے ، سفارتی محاذ پر قومی اتفاق رائے کی کشمیر پالیسی سے طاقت حاصل کرے ۔ اصل مقاصد کو ہدف بنانے کے بجائے دورہ امریکا کے اخراجات اور ووچرز کا چرچا کرنا بے وقت کی راگنی ہے ۔