معاشی اصلاحات کے نام پر لوگوں کو کنگال کیا جارہا ہے،سراج الحق

217

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم شہری تو پاکستان کے ہیں مگر حکومت نے آئی ایم ایف کا غلام بنادیا ہے ۔ حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے ۔ معاشی اصلاحات کے نام پر لوگوں کو کنگال کیا جارہاہے ۔ آئے روزایک نیابجٹ آرہاہے ۔ معاشی زبوں حالی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں ۔ روزگار کے مواقع ختم اور تجارت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ سرمایہ کار ملک سے بھاگ رہے ہیں ۔ اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی قوت خرید ختم کردی ہے ۔ مہنگائی کی ٹرین بے قابو اور حکمران پٹڑی سے اتر گئے ہیں ۔ حکمرانوں کے چہرے کا سرخی پائوڈر اتر چکاہے ۔کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے خلاف حقوق انسانی کے عالمی ادارے بے بسی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں نیٹ ور ک فار ہیومن رائٹس اینڈ جسٹس کے چیف کوآرڈی نیٹر چودھری رضوان اکرم کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت شور تو بہت کر رہی ہے مگر منزل سے ہٹ گئی ہے ۔ اداکاری اور فنکاری سے قوم کا پیٹ نہیں بھرتا ، حکومت کو مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے ۔ اب توقومی اسمبلی میں حکومتی ارکان بھی برس پڑے ہیں ۔ چند وزیروں کو تو روزگار مل گیاہے مگر پوری قوم بے روزگار ہو گئی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اب تو روز روشن کی طرح عیاں ہوگیا ہے کہ موجودہ حکومت بھی اسٹیٹس کو کی محافظ ہے ۔ یہ حکومت بھی سابق حکومتوں کا ہی ایک تسلسل ہے ۔ حکومت میں بیٹھے پی پی اور مشرف کے لوگ وہی کریں گے جو پہلے کرتے رہے ہیں ۔ یہ ناکام اور نااہل لوگ ہیں ان کے ہوتے ہوئے مسائل میں اضافہ تو ہوسکتاہے کمی نہیں آسکتی ۔ حکومت کی 13 ماہ کی کارکردگی نے عوام کی توقعات کا خون کیاہے ۔ لوگوں کی امیدوں پر پانی پھر گیاہے اور عام آدمی سخت مایوسی اور پریشانی کاشکار ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں ایک پرامن انقلاب کی ضرورت ہے ۔ جماعت اسلامی ایک متبادل نظام کی علمبردار ہے ۔ ہم عدل و انصاف اور ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار کا دور ختم ہوگا تو ایک شاندار عوامی دور کا آغاز ہوگا ۔ عوام کے حقیقی نمائندے ایوانوں میں پہنچیںگے تو عوام کے مسائل حل ہوں گے ۔