پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر بھی جلد قبضہ کرلیں گے،بھارت کی ہرزہ سرائی

181

نئی دہلی (صباح نیوز) بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر بھی بھارت کا حصہ ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنی وزارت کے100روز مکمل ہونے پر نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ جلد آزاد کشمیر پر بھی قبضہ حاصل کر لیں گے وہ بھی بھارت کا ہی حصہ ہے۔ انہوں نے امریکا کے ساتھ تعلقات کو90فیصد مکمل اور10فیصد نصف قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ہمراہ ہوڈی، موڈی ایونٹ میں شرکت کریں گے جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ امریکی صدر ہزاروں امریکی بھارتیوں سے خطاب کریں گے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کی فکر نہ کریں کہ جموں و کشمیر کے بارے میں لوگ کیا کہیں گے۔ 1972ء سے بھارت کی پوزیشن بالکل واضح ہے۔واضح رہے کہ جے شنکر سابق مودی حکومت میں سیکرٹری خارجہ بھی رہ چکے ہیں اور اس سے قبل انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر امریکی ثالثی کو بھی قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔