وفاقی کابینہ بے نامی ایکٹ کے تحت خصوصی بینچ اور میڈیا کیخلاف شکایات کیلئے ٹریبونل بنانے کا فیصلہ

358
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے بے نامی ایکٹ کے تحت خصوصی بینچ اور میڈیا کیخلاف شکایات کے لیے خصوصی ٹربیونل بنانے کی منظوری دے دی ہے ۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشرعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں حکومتی شخصیات پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانے اور وزیراعظم سمیت وزرا کی زندگی کو پروپیگنڈے کا نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور وزیراعظم میڈیا کی آزادی پر ریقین رکھتے ہیں، اس لیے حکومت اسپیشل میڈیا ٹربیونل بنائے گی جس میں بشمول حکومت تمام اسٹیک ہولڈز کا احتساب ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریبونل کو اختیار حاصل ہوگا کہ شکایت پر میرا، آپ کا اور صحافتی اداروں کے مالکان سمیت تمام اسٹیک ہولڈز کا احتساب کر سکے۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ شکایت پیمرا کے شکایت کونسل سے نکل کر میڈیا ٹریبونل میں منتقل ہوجائیں گئی، میڈیا ٹریبونل نئی اور زیر التوا شکایات یا مقدمات کا جائزہ لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل میڈیا ٹریبونل کی سرپرستی اعلیٰ عدلیہ کرے گی اور ٹریبونل 90 دن کے اندر شکایت کا ازالہ کرے گا۔ کابینہ اجلاس میں وزیرِ قانون نے قانونی اصلاحات کے ضمن میں کی جانے والی قانون سازی کی تفصیلات کابینہ کے سامنے پیش کیں۔ بے نامی ٹرانزیکشن (پروہیبشن) ترمیم، کوڈ آف سول پروسیجر (ترمیمی)، خواتین کے وراثتی حقوق، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی، لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکیسشن سرٹیفکیٹ، وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلینس کمیشن، سپریئر کورٹس (کورٹ ڈریس اینڈ موڈ آف ایڈریس) آرڈر (ریپیل)، تارکین وطن کی غیر منقولہ جائدادوں کے تحفظ کے قوانین کی کابینہ نے اصولی منظوری دی۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیر صحت کی سفارش پر کابینہ نے خواجہ سراؤں کے لیے بھی صحت کارڈ کے اجزا کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معذور افراد کی طرح انہیں بھی خصوصی صحت کارڈ ملے گا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک بھر میں موجود خواجہ سراؤں سے متعلق ابتدائی معلومات جمع کرنا شروع کردی تاہم اس ضمن میں نادرا سے مدد لی جائے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے کابینہ میں تجویز پیش کی گئی کہ ضلعی سطح پر مسکن کے نام سے اولڈ ایج ہوم قیام کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ تجویزکو کابینہ میں پزیرائی ملی اور وزیراعظم عمران خان نے وزیر احساس پروگرام کو ہدایت کی وہ اولڈ ایج ہوم ’مسکن‘ کے قیام کے لیے ترجیحات تشکیل دیں۔ معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں اولڈ ایج ہوم ’مسکن‘ کے لیے ایک ہیلپ لائن ہوگی جسے تمام پریس کلب سے منسلک کیا جائیگا۔ کابینہ کے دیگر فیصلے اور دی جانے والی منظوری میں نوجونواں میں نشے کی روک تھام کے لیے 244 بحالی مرکز قائم کیے جائیں گے۔پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کے وزٹ ویزوں کو بزنس ویزوں میں توسیع دینے کی منظوری گئی۔ کابینہ نے ای سی سی فیصلوں کی توثیق کی۔ وزیراعظم نے مختلف وزراتوں میں خالی اسامیوں کو مقررہ وقت میں پر کرنے کی ہدایت کی۔کیڈر اور نان کیڈر ملازمین کی ترتیب کے لیے مجوزہ اصلاحات کی منظوری دی۔کابینہ نے نئی گاڑیوں پر پریمیم کے خاتمے کی منظوری دی۔پمز اصلاحات ایکٹ کے مسودے کی منظوری گئی۔ریلوے بورڈ میں پرائیوٹ ممبر کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔وزیراعظم نے ملک بھر میں سرکاری زمینوں کے حوالے سے اعداد وشمار اکٹھا کرنے کی ہدایت کی۔