سانس لینے پر بھی ٹیکس عائد کیا جائے،کویتی خاتون رکن اسمبلی کا مطالبہ

809

مشرق وسطی کے اہم ترین ملک کویت کی خاتون رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت غیر ملکیوں پر سانس لینے پر بھی ٹیکس عائد کرے۔

مڈل ایسٹ مانیٹر کے مطابق صفا الھاشم نے ایک بار حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر ملکیوں پر ہر اس سہولت کے استعمال پر ٹیکس نافذ کیا جائے جو سہولت انہیں کویت میں حاصل ہے۔ حکومت غیر ملکیوں پر سانس لینے پر ٹیکس عائد کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے غیر ملکیوں وطن کی جانب سے ترسیلات زر بھجوائے جانے پر بھی بھاری فیس عائد کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم اس پر بھی تاحال عمل نہیں ہوا۔

انہوں نے حکومتی وزرا سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر ملکیوں پر ترسیلات زر بھجوائے جانے پر بھاری فیس عائد کرنے سمیت ان کی جانب سے سانس لینے پر بھی پابندی عائد کی جائے۔

کویت کی واحد خاتون رکن پارلیمنٹ 55 سالہ صفا الھاشم نے حکومت سے پہلے بھی مطالبہ کیا تھا کہ ملک میں بسنے والے غیر ملکیوں پر راستے استعمال کرنے سمیت سانس کے لیے کویت کی ہوا استعمال کرنے پر ٹیکس نافذ کیا جائے۔

صفا الھاشم کو غیر ملکیوں کے لیے مخالف سیاستدان سمجھا جاتا ہے، وہ ماضی میں حکومت سے غیر ملکیوں کی تعداد کم کرنے اور انہیں بے دخل کرنے کا مطالبہ کر چکی ہے۔

کویتی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی کا 70 فیصد غیر ملکی ہیں۔کویت کے مقامی افراد کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ جب کہ غیر ملکیوں کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہے۔