شاہ لطیف چوک کوٹری کے رہائشی کا معذور بیٹے کے ہمراہ احتجاج

125

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) شاہ لطیف چوک کوٹری کے رہائشی محمد الیاس نے اپنے معذور بیٹے عرفان کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہیں تحفظ فراہم کیاجائے۔ محمد الیاس نے بتایا کہ پندرہ سال قبل میری اپنے عزیزوں میں مورزادی نامی عورت سے شادی ہوئی، میں نے اس کو 10 جون 2019ء کو طلاق دے دی، تاہم اس کے بعد میری سابقہ بیوی نے غیر افراد کے ساتھ مل کر میری زندگی عذاب بنائی ہوئی ہے، پولیس بھی ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے، پولیس نے مجھے جھوٹے کیس میں بند کردیا، جس کے بعد مجھے نارا جیل منتقل کردیا گیا تاہم میں ضمانت پر رہا ہوا، میرا 12 سالہ ذہنی وجسمانی معذور بیٹا ہے، جس کو بیوی چھوڑ کر چلی گئی ہے، میں اس کی بھی پرورش کررہا ہوں۔ سابقہ بیوی، میرے سالے، سالی اور ایس ایچ او کوٹری مجھے مسلسل ہراساں کرکے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے حکام بالا سے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔