جیکب آباد پولیس نے گرفتار دو افراد کو ہاف فرائی کردیا

133

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد پولیس نے گرفتار دو افراد کو ہاف فرائی کردیا۔ پولیس نے گرفتار نوجوانوں کو دو الگ مقامات پر ہاف فرائی کردیا، جیکب آباد کے سول لائن تھانے کے ایس ایچ او نے چنا پھاٹک کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ملزم صیفل پھوڑ کو زخمی حالت میں پستول سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایچ او سول لائن فدا شیخ کے مطابق مسلح افراد نے دیکھتے ہی فائرنگ کی، معجزانہ طور پر بچ گئے، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، دو فرار ہوگئے۔ زخمی محمد صیفل پھوڑ نے بتایا کہ پولیس نے بھائی سمیت تین روز قبل گرفتار کیا، رشوت طلب کی، غریب ہونے کی وجہ سے کچھ نہ دے سکے تو جھوٹا مقابلہ کرکے زخمی کردیا۔ اس حوالے سے سول اسپتال کے ڈاکٹر اعجاز علی نے بتایا کہ زخمی کو آدھے فٹ کے فاصلے سے گولی لگی ہے جبکہ گڑھی خیرو پولیس نے بھی گشت کے دوران لاڑکانہ لنک روڈ لنڈ واہ کے قریب سے مقابلے میں محمد بچل پھوڑ کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایچ او غلام نبی بجارانی کے مطابق اطلاع پر لنڈ واہ پہنچے تو ملزمان سے مقابلہ ہوا، ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے، اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ ملزمان موٹر سائیکل چھیننے کی واردات میں ملوث ہیں جبکہ زخمی محمد بچل نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد سے مددگار پولیس نے گرفتار کیا اور صدر تھانے میں لاکپ کیا گیا اور پھر گڑھی خیرو لاکر گولی مار کر زخمی کیا گیا ہے۔