سندھ کو تقسیم کرنے والے خود تقسیم ہوجائیں گے، علی مردان شاہ

134

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر سید علی مردان شاہ نے کہا ہے کہ سندھ دھرتی امن و محبت کی دھرتی ہے، سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ سندھ کو تقسیم کرنے والے خود تقسیم ہوجائیں گے وہ آج عمرکوٹ میں پریس کلب عمرکوٹ کے سامنے پیپلز پارٹی عمرکوٹ کی جانب سے منعقدہ بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔ سید علی مردان شاہ نے کہا کہ کراچی سندھ دھرتی کا حصہ ہے، تحریک انصاف کے کچھ رہنما اور وفاقی وزیر قانون اپنی سیاست چمکانے کے لیے کراچی میں آرٹیکل “149” کے نافذ کرنے کی باتیں کررہے ہیں مگر سندھ کے غیرت مند بہادر سپوت سندھ کے لوگوں میں احساس محرومی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سید علی مردان شاہ نے کہا کہ سندھ کے لوگ متحد ہے، جب تک سندھ دھرتی سلامت ہے سندھ متحد ہے سندھ پر کسی صورت میں آنچ نہیں آنے دیں گے۔ سید علی مردان شاہ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ اجتماع سے پیپلز پارٹی کے رہنما اور ضلع چیئرمین ڈاکٹر سید نور علی شاہ، میونسپل چیئرمین خالد سراج سومرو، برہان کمبار اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگ کراچی میں آرٹیکل “149” کے نافذ کو مسترد کرتے ہیں۔ سندھ دھرتی اولیا کرام اور صوفیوں کی دھرتی ہے، سندھ سدا شاد آباد رہے، سندھ کے لوگ اب مفادات کی سیاست کرنے والوں سے خوب واقف ہوچکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مظاہرے میں بڑی تعداد میں جیالوں، کارکنوں اور عوام کی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے میں وفاقی حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی گی۔