خیرپور، معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں ضلعی انتظامیہ ناکام

110

خیرپور (نمائندہ جسارت) خیرپور میں پرچی جوا، فحاشی، قمار بازی،بکی سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں ضلعی انتظامیہ ناکام، شہریوں، وکلا، سول سوسائٹی کے معززین ایڈووکیٹ مجاہد حسین راجپوت، سید امتیاز حسین شاہ، وزیر آرائیں ایڈووکیٹ، غلام رسول چانڈیو ایڈووکیٹ، عمرائو خان یوسف زئی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ خیرپور میں پرچی جوا، بکی، قمار بازی، فحاشی سمیت دیگر معاشرتی برائیوں میں نوجوان نسل دھنستی جارہی ہے اور وہ جرائم کے بھنور میں پھنستے جارہے ہیں، راتوں رات امیر بننے کے چکر میں وہ قمار بازی، آکڑا پرچی جوا کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے حکام بالا سے خیرپور ضلع بھر میں پرچی جوا کے ڈیلروں کیخلاف قانونی عملی کارروائی کرتے ہوئے نوجوان نسل کو تباہی کی دلدل سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔ ضلع انتظامیہ نے معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کے لیے اقدامات نہیں کیے تو ضلعی انتظامیہ کیخلاف عدالت میں آئینی درخواست دائر کریں گے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خادم بھٹی، امجد لاشاری، امین جاگیرانی، نواز سیال سمیت دیگر پرچی جوا کے بڑے ڈیلر افسران کی مٹھی گرم کرکے اپنا دھندا جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کیخلاف کوئی پولیس افسر کارروائی کرتا ہے تو سیاسی دبائو کے تحت انہیں آزاد کردیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے مقامی پولیس والے خاموش تماشا دیکھتے رہتے ہیں۔ پولیس والے نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایاکہ خیرپور ضلع بھر میں قمار بازی اور آکڑا پرچی جوا کی مد میں لاکھوں روپے ہر تھانیدار یا اس کے خاص آدمی کے ذریعے پہنچ جاتے ہیں، وہ بھی معاشرتی برائیوں میں برابر کے شریک ہیں۔