خیبرپختوانخوا کے عزیزاللہ پر جرمانہ عائد

98

کراچی (اسٹاف رپورٹر)خیبرپختوانخوا کے فاسٹ بولر عزیز اللہ پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ فاسٹ بولر نے پی سی بی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ۔میچ کے دوران عزیز اللہ دانستہ طور پر حریف کھلاڑی سے ٹکرائے تھے۔ یہ واقعہ کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں سیکنڈ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا جہاں خیبرپختوانخواہ اور ناردرن کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا۔ واقعہ کھیل کے دوسرے روز ناردرن کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کے 68ویں اوور کے دوران پیش آیا۔فاسٹ بولر نے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.12 کی پہلی سطح کی خلاف ورزی کی ہے۔میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور احسن رضا نے فاسٹ بولر کو چارج کیا۔ عزیز اللہ نے خود پر لگے چارج کو قبول کرلیا جس کے بعد میچ ریفری کامران چوہدی نے انہیں جرمانے کی سزا سنائی۔