قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈمکمل

572
قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے روز میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں سندھ بلوچستان میچ کا ایک منظر
قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے روز میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں سندھ بلوچستان میچ کا ایک منظر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ 175 رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم میچ کے اختتام تک 25 رنز ہی بناسکی اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہ ہوا۔ احسن علی 17 اور جاہد علی 5 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم نے 82 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے دن کا آغاز کیا تو 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ گلریز صدف نے ناقابل شکست 73 رنز بنائے۔ تیمور علی نے 56 رنز بنائے۔ سندھ کی جانب سے دانش عزیز نے 3 جبکہ جاہد علی اور حسن خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا تاہم سدرن پنجاب کے مینٹور اسپنر ذوالفقار بابر نے دوسری اننگز میں بھی 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ذوالفقار بابر نے مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے آخری روز سدرن پنجاب کو جیت کے لیے 257 رنز درکار تھے تاہم وہ 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بناسکی۔ کپتان نوید یاسین نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 50 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں د اخل نہ ہوسکے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے احمد صفی عبداللہ نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں ناردرن اور خیبرپختوانخوا کی سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ بھی بغیر نتیجہ ختم ہوگیا۔
میچ کے آخری روز ناردرن کرکٹ ٹیم نے 17 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز کا کیا اور دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ حسن رضا نے 3 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 75 رنز اسکور کیے جبکہ شہزاد اعظم 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 121 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ خیبرپختوانخوا کی جانب سے احمد جمال اور خالد عثمان نے 2، 2کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ خیبرپختوانخوا کے خالد عثمان اور ناردرن کی جانب سے رضا حسن نے میچ میں 7،7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔