لاڑکانہ ، چانڈکا میڈیکل کالج کے ہاسٹل سے طالبہ کی نعش برآمد

282

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج کے ہاسٹل سے 22 سالہ طالبہ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نمرتا کی نعش کو کمرے کا دروازہ توڑ کر نکالا گیا۔ نمرتا کے گلے میں دوپٹہ بندھا ہوا تھا۔ اس کا تعلق ضلع گھوٹکی سے تھا جبکہ متوفیہ کے والدین کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔ چانڈکا میڈیکل کالج کی وائس چانسلر ڈاکٹر انیلہ کے مطابق جس لڑکی کی لاش ملی ہے اس کا نام نمرتا ہے اور وہ بی ڈی ایس فائنل ائیرکی طالبہ تھی۔وائس چانسلر نے بتایا ہے کہ نمرتا چھٹیوں پر تھی اور آج کل امتحانات کی تیاری میں مصروف تھی اور اسکے گھر والوں کو اس کی وفات کی خبر کر دی گئی ہے اور وہ لاڑکانہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق طالبہ کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی لاڑکانہ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے گی جو کہ تمام پہلوؤں سے معاملے کی چھان بین کرے گی جبکہ میڈیکل کالج میں طالبہ کی ہلاکت کے واقعے کے بعد ہاسٹل نمبر تین کو سیل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی نمرتا کے گلے پر نشانات بھی ملے ہیں تاہم ابھی حتمی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہی نشانات اس کی موت کا سبب بنے یا کوئی اور وجہ بنی۔ پولیس نمرتا کے ساتھ ہاسٹل کے کمرے میں مقیم دیگر طالبات سے بھی بیان لے رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں ہاسٹل میں مقیم طلباء و طالبات کی اموات واقع ہو چکی ہیں۔کچھ ماہ قبل لاہور میں ایک نجی میڈیکل کالج کی فائنل ائیر کی طالبہ نشے کی زیادتی کی وجہ سے موت کا شکار ہو گئی تھی اس لڑکی کا تعلق بھی کراچی سے تھا جبکہ گزشتہ سال بھی ستمبر میں راولپنڈی کے ایک کالج کی طالبہ ہاسٹل میں کسی زہریلی چیز کے کاٹے جانے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئی تھی۔
طالبہ کی نعش برآمد