عطا الحق قاسمی کی وکیل تبدیل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی

144

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے عطا الحق قاسمی کے وکیل تبدیل کرنے کی استدعا مسترد کردی جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس میں فریق بننے کی استدعا کردی ،جس پر عدالت عظمیٰ نے اسحاق ڈار سے جواب طلب کر لیا۔ پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کے غیر قانونی تقرر سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عطا الحق قاسمی نے وکیل تبدیل کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ اسحاق ڈار کے وکیل نے کیس میں فریق بننے کی استدعا کی۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا پہلے اسحق ڈار کی جانب سے مقدمے میں کوئی پیش نہیں ہوا اور اب ای میل کردی گئی یہ عدالت کی تضحیک کے برابر ہے، اس درخواست سے تاثر ملتا ہے کہ کوئی شخص اپنی مرضی سے عدالتی کارروائی کا حصہ بن جائے گا۔ اسحق ڈار کو برطانیہ میں کیسے نوٹس ہوسکتا ہے وہ وہاں عارضی رہائشی ہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ایم پی ون کے علاوہ رقم کی بھی منظوری دی، وکیل سلمان بٹ نے کہا مزید رقم پی ٹی وی نے خود دی ہوگی وہ ایک خودمختار ادارہ ہے، اسحاق ڈار کا رقم سے کوئی تعلق نہیں، قانون کے مطابق سیکرٹری معاملات کا ذمے دار ہے وزیر نہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے کہا وزیروں کی جانب سے ایسے ہی احکامات دیے جاتے ہیں کہ ان پر بات نہ آئے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے اسحق ڈار کو اپنی درخواست کی حتمی منظوری کے لیے عدالت کو مطمئن کرنا ہوگا۔سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
عطا الحق قاسمی کیس