جدید روسی میزائل نظام کی دوسری بیٹری ترکی کو مل گئی

136

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روسی ایس 400 میزائل دفاعی نظام کی دوسری بیٹری اتوار کے روز انقرہ کے حوالے کردی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ جدید نظام اپریل 2020ء میں کام شروع کر دے گا۔ واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے ممکنہ پابندیوں سے خبردار کیے جانے کے باجود مذکورہ دفاعی نظام کا پہلا حصہ رواں برس جولائی میں انقرہ کے حوالے کردیا گیا تھا۔ ترکی نے نیٹو اتحاد میں اپنے حلیف امریکا کی جانب سے شدید اعتراضات اور دھمکیوں کے باوجود جدید روسی دفاعی نظام کی خریداری پر ڈٹے رہنے کا مظاہرہ کیا ہے۔ اُدھر واشنگٹن کا کہنا ہے کہ روسی میزائل نہ صرف نیٹو کے سسٹم کے ساتھ متصادم ہیں بلکہ یہ امریکا کے ایف 35 لڑاکا طیارے کے پروگرام کے لیے خطرہ بھی ہے، تاہم انقرہ حکومت کی جانب سے اپنے موقف پر قائم رہنے کے بعد واشنگٹن نے ایف 35 طیارے کے پروگرام میں ترکی کی شرکت کو معطل کر دیا ہے اور انقرہ پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے ہفتے کے روز سی این این ترکی کو بتایا تھا کہ امریکا کی جانب سے بارہا انتباہات کے باوجود یہ نظام کام کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی امریکا سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی خریداری پر اب بھی آمادہ ہے۔ اس حوالے سے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے جمعہ کے روز برطانوی خبر رساں ایجنسی کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ رواں ماہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پیٹریاٹ میزائل کی خریداری کے معاملے کو زیر بحث لائیں گے۔