پسماندہ طبقے کو خود کفیل بنانا بہترین صدقہ ہے،محمد حسین محنتی

466

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پسماندہ طبقے کو خود کفیل بنانا بہترین صدقہ ہے،غریب و یتیم بچوں کے لیے تعلیم و تربیت کی سہولیات ،ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے معاشرے کو متوازن بنایا جا سکتاہے ،لوگوں کی مدد کے ساتھ ساتھ انہیں مشکلات سے نکلنے کی راہ دکھانا بھی اللہ کی خوشنودی حال کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن سندھ جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری مشتاق مانگٹ، الخدمت فاؤنڈیشن سندھ ڈاکٹر سید تبسم جعفری ،سید محمد یونس،ڈپٹی سیکرٹری نسیم انصاری ،انجینئر عمر فاروق،سہیل احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں اندرون سندھ کے تمام اضلاع سے الخدمت کے صدور و دیگر ذمے داران شریک ہوئے۔ضلعی صدور ریجنل آفس کے ذمے داران نے گزشتہ سال کی کارکردگی کا جائزہ اور 2019-20ء کے لیے منصوبہ بندی پیش کی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ اسلام میں انسانیت کی خدمت کا دائرہ بہت وسیع ہے اس میں اپنے، بیگانے، مسلم، غیر مسلم حتیٰ کہ حیوانات سے حسن سلوک کرنا بھی خدمت خلق میں شامل ہے۔الخدمت بلا تفریق ملک بھر اور خصوصاً اندرون سندھ انسانیت کی بے لوث خدمت کررہی ہے۔ ڈاکٹر سید تبسم جعفری نے کہا کہ الخدمت 7 شعبہ جات میں عوام کی خدمت کررہی ہے ،ان پروگراموں کا مقصد پسماندہ طبقے کو سہولیات فراہم کرکے اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے اپنے لیے کچھ کرنے کی جستجو پیدا کرنا ہے۔سہیل احمد نے حاضرین کو بتایا عید الفطر اور عید الاضحی پر مستحقین میںراشن، افطار، فطرہ ،تحائف اور قربانی کا گوشت تقسیم کرکے خوشیومیں شریک کیاگیا ہے ،سندھ بھر میں 745یتیم بچوں کی تعلیم و خوراک کا اہتمام کیاجارہا ہے، ان بچوں کے لیے رواں سال بھی ڈریم ورلڈ میں فن گالا کااہتمام کیا گیا ہے ،ہالا ضلع مٹیاری میں آغوش ہوم کی تعمیر جاری ہے،صاف پانی کے منصوبوں سے تھرپارکر سمیت سندھ بھر میں روز لاکھوں افراد اورشعبہ صحت سے سالانہ 5لاکھ مریض مستفید ہورہے ہیں۔