پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن مکمل

127

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن اتوار کو مکمل ہو گیا ۔ پاکستانی حجاج کو لے کر آخری پرواز 15 ستمبر کو لاہور پہنچی۔ اس سال مجموعی طور پر 82 ہزار سے زاید حجاج کوحج کی سعادت نصیب ہوئی جو گزشتہ سال کی نسبت 25 فیصد زاید رہی۔ پی آئی اے نے 8 شہروں سے حج آپریشن شروع کیا جن میں کراچی، ملتان، فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ شامل تھے ۔ حج آپریشن مکمل طور پر پی آئی اے کے اپنے بوئنگ 777 اور A320 طیاروں سے 290 پروازوں کے ذریعے کیا گیا ۔وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے کامیاب حج آپریشن کی تکمیل پر پی آئی اے کے تمام شعبہ جات اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھانے پر تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ پی آئی اے نے سعودی عرب سے کراچی 21 ہزار ایک سو ، لاہور 16 ہزار 700 ، اسلام آباد 15 ہزار ، ملتان 4 ہزار 750 ، سیالکوٹ 4 ہزار 400 ، فیصل آباد1 ہزار 750 ، پشاور 10ہزار 400 اور کوئٹہ 8ہزار 200 حجاج کو واپس پہنچایا۔