مہنگائی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے ،وزیراعلیٰ پنجاب

222

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں مصنوعی مہنگائی کے ذمے داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اوراشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایاجائے،اشیا مہنگی فروخت کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کو چیک کریں، زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات نظر آنے چاہئیں، صوبے کے عوام کو کسی بھی صورت مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔انہوںنے کہا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بھکر میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی اور حکم دیا کہ ملزمان خواہ کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں مقدمہ درج کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوںنے کہا کہ زیادتی کا شکار طالبہ کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ڈی پی او بھکر کو متاثرہ خاندان کی رہائشگاہ جا کر دادرسی کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی اللہ تعالیٰ مرحومہ مغفرت اور لواحقین کوصبر جمیل عطا فرمائے۔