حکمرانوں نے قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا نہیں ہونے دیا، راشد نسیم

300
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم کندھ کوٹ میں شہادت حسین کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم کندھ کوٹ میں شہادت حسین کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ پاکستان اسلام کے آفاقی نظام کے لیے حاصل کیا گیا تھا مگر 72 سال سے یہاں قرآن وسنت کے بجائے ظلم و جبر اور استحصال کا نظام ہے ۔ جن عظیم مقاصد کے لیے ہمارے بڑوں نے تاریخ انسانی کی بے مثال قربانیاں دی تھیں ، حکمرانوں نے وہ پورے نہیں ہونے دیے ۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی ملکی اقتدار پر انگریز کے پروردہ لوگ ہی قابض ہیں ۔ پی پی اور مسلم لیگ کے بعد انہی جماعتوں کے لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہو کر اب اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔ راشد نسیم نے کہاکہ عوام مہنگائی ، بے روزگاری اور بے شمار مسائل کا شکار ہیں مگر حکمران آئے روز جھوٹے وعدوں اور دعوئوں سے عوام کو بہلا نے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے کندھ کوٹ میں پیغام شہادت حسینؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ حضرت امام حسین ؓ کی شہادت نے پوری انسانیت کو درس دیا ہے کہ باطل کے سامنے سر جھکانے کے بجائے سر کٹوا دینا مگر حق پر ڈٹے رہنا۔ ظلم و جبر ہی یزیدی نظام ہے ،جو اس نظام کے خلاف بغاوت نہیں کرتا عملاً وہ حسینیت کی بجائے یزید کا ساتھ دیتاہے ۔