احتساب کے نام پر لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے،فریال تالپور

73

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور اسیر رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں احتساب کے نام پر لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے، ان کی پگڑیاں ا چھالی جارہی ہیں اوربے گناہوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔پیر کو سندھ اسمبلی میں اپنے ایک نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایسے حالات پیدا کیے جارہے ہیں کہ لوگ ملک سے تنگ آجائیں لیکن ان انتقامی کارروائیوں سے ہم گھبرانے والے نہیں،ہمیں جیلوں اور جھوٹے الزمات سے نہیں ڈرایا جاسکتا، ہم ماضی میں بھی یہ سب کچھ جھیلتے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب ہو تو بلا تفریق ہو۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں توسیع کو اچھا اقدام قراردیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کو ہم اچھا سمجھتے ہیں،اس سے پالیسی میں تسلسل رہے گا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پھر کہتی ہوں سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا بند کیا جائے ورنہ حکومت کو اس کا خمیازہ خود بھگتنا پڑے گا۔ فریال تالپور نے کہا کہ کشمیر کے ایشو پر جو ہورہا ہے وہ بہت برا ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالات کچھ ایسے ہیں کہ پارلیمنٹ خاموش ہے ،ہم صرف آرڈیننس پر چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا شکریہ اداکرتی ہوںکہ ان کے پروڈکشن آرڈر پر یہاں پہنچی ہوں۔انہوں نے ارکان سندھ اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے حق میں قرارداد منظور کی۔