محکمہ موسمیات کے کئی سال سے بند میڈیا اسٹوڈیو فعال

100

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ایوی ایشن ڈویژن کے ماتحت ادارے محکمہ موسمیات کو مختصر مدت میں موجودہ وسائل کے اندر مزید فعال بنا دیا ہے تاکہ موسم جیسی اہم اطلاعات عام آدمی اور خصوصاً کسان تک بروقت پہنچ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ موسمیات کے ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی یونٹ کے قیام اور محکمہ موسمیات کی موبائل فون ایپ اور یوٹیوب چینل کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر سرور خان نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے کئی سال سے بند میڈیا سٹوڈیو کو فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے روزانہ کی بنیاد پر موسم کی اطلاع ضلع کی سطح پر عام آدمی اور تحصیل کی سطح پر کسانوں کو بروقت پہنچانے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ موسم سے متعلق پیشنگوئی اور موسم کی خبروں کو آڈیو اور وڈیو کے ذریعے بھی عام آدمی تک روزانہ کی بنیاد پر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی اطلاعات سوشل میڈیا پر موبائل فون ایپ پر بھی دستیاب ہوں گی جس کا آج باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔