بلوچستان فائرنگ کے واقعات میں لیویز اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق

143

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں ٹریفک حادثات، فائرنگ سمیت مختلف واقعات میں ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس، لیویز اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق، 32 زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق ضلع بولان کی تحصیل ڈھاڈر کے قریب قومی شاہراہ پر گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس نصیر آباد سید امتیاز شاہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کے دو ساتھی زخمی ہوگئے۔ لاش ڈی ایچ کیو اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہیں۔ ضلع کوہلو کی تحصیل میوند کے علاقے نیلی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم، فائرنگ کی زد میں آکر لیویز سپاہی گل جان ولد حاجی علی بیگ جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی، تحصیلدار وڈیرہ شاہنواز مری کے مطابق لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ کوئٹہ کے علاقے قنبرانی روڈ پر بھائی نے گھریلو رنجش پر فائرنگ کر کے بہن کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں لڑکی کی شناخت 19 سالہ اپروز بی بی کے نام سے ہوئی، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے، تحقیقات جاری، ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ کوئٹہ کے علاقے بلیلی بائی پاس پر موٹر سائیکل سوار 22 سالہ عزت اللہ ولد عبدالخیر موقع پر جاں بحق ہوگیا، لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے ورثا کے ہمراہ آبائی علاقے میزئی اڈہ روانہ کردیا گیا۔ ضلع ژوب میں کوئٹہ جانے والی قومی شاہراہ پر زیر تعمیر عمارت اچانک گرگئی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق، پانچ مزدور زخمی ہوگئے۔ ضلع سبی کے نواحی علاقے میں کوئٹہ سے لہڑی جانے والی مسافر گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے الٹ گئی، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ضلع خضدار کی تحصیل اورناچ کے قریب کوچ اور گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ ضلع دکی کے علاقے کلی ملک سلیمان میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 16 سالہ سیف اللہ شدید زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے لورالائی منتقل کردیا گیا۔